وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی کی سینیٹ انتخابات میں کامیاب (ن) لیگی اور یگر امیدواروں کو مبارکباد،سینٹ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی جمہوریت اورجمہوری راوایات کی فتح ہے،،وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا مبارکباد کا پیغام

جمعرات 5 مارچ 2015 20:27

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 مارچ۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سینیٹ کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں سینیٹ انتخابات کا جمہوری عمل خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل کو پہنچا ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ اراکین اسمبلی نے سینیٹ کے انتخابات میں بھر پور حصہ لیتے ہوئے جمہوری عمل کو مکمل کیا ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف نے سعودی عرب سے اپنے پیغام میں (ن) لیگ اور دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تمام منتخب سینیٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی جمہوریت کی کامیابی ہے ، انہوں نے امیدظاہر کی کہ تمام منتخب ارکان ملکی ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ، وزیراعظم نے کہا کہ ہر الیکشن سے ملک میں جمہوری عمل مزید مضبوط اور مستحکم ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ(ن) جمہوریت پریقین رکھتی ہے اور جمہوری راوایات کی امین سیاسی جماعت ہے۔سینیٹ کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی جمہوریت اورجمہوری راوایات کی فتح ہے اورایوان بالا کے انتخابات سے جمہوری روایات اور جمہوری ادارے مزید مستحکم ہونگے۔وزیراعلیٰ نے امید ظاہرکی کہ ایوان بالا کے نومنتخب اراکین عوام کی ترقی و خوشحالی کو پیش نظر رکھتے ہوئے خدمت خلق کے پروگراموں کے آگے بڑھائیں گے اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا موثر کردارادا کریں گے۔