سینیٹ انتخاب، نوا زشریف ‘ فہمیدہ مرزا ‘ امین فہیم پرویز الٰہی ‘ شیخ رشید ‘ جمشید دستی اور ظفر اللہ جمالی سمیت درجنوں ارکان نے نے ووٹ نہیں ڈالے

جمعرات 5 مارچ 2015 20:24

سینیٹ انتخاب، نوا زشریف ‘ فہمیدہ مرزا ‘ امین فہیم پرویز الٰہی ‘ شیخ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 مارچ۔2015ء) سینٹ کے انتخابات میں وزیر اعظم نوا زشریف ‘ سابق سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ‘ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر مخدوم امین فہیم ‘ مسلم لیگ (ق ) پنجاب کے صدر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی ‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ‘ آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید خان دستی اور سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی سمیت درجنوں ارکان اسمبلی نے ووٹ نہیں ڈالے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نوا زشریف سعودی عرب کے سرکاری دورے کی وجہ سے جبکہ سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی کراچی میں اپنے بھائی عبدالرحمن جمالی کی علالت کی وجہ سے سینٹ کے انتخابات میں اپنے ووٹ کا حق استعمال نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الہٰی کے ووٹ ڈالنے کیلئے نہ آنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا سٹاف چوہدری پرویز الہٰی سے فون پر رابطے کی کوشش کرتا رہا لیکن کامیابی نہ ہوئی۔ ووٹ ڈالنے کیلئے قومی اسمبلی نہ آنے والوں میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ‘ آزاد رکن جمشید دستی‘ ملتان سے عامر ڈوگر سمیت دیگر درجنوں ارکان شامل ہیں۔شیخ رشید جمشید دستی اور عامر ڈوگر نے پہلے ہی بائیکاٹ کا اعلان کردیا تھا۔