کاروباری برادری کیساتھ مل کر شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے گی ،سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی

جمعرات 5 مارچ 2015 20:23

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء) سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی اسراراحمد خان عباسی نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کیساتھ مل کر شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے گی ،بھتہ کی کال ریسیو ہونے پر فوری ایکشن لیا جائے گا اور تاجروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا تا کہ شہر میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہو ، امن و امان کی موجود ہ صورتحال پرراولپنڈی چیمبر کی تشویش سے آگاہ ہیں ، پولیس اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے انشااللہ جلد ہی راولپنڈی کو کرائم فری سٹی بنانے میں کامیاب ہونگے۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں اپنے آفس میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ،وفد کی قیادت چیمبر کے صدر سید اسد مشہدی کر رہے تھے جبکہ سابق صدور سہیل الطاف ،ایس ایم نسیم ،سینئر نائب صدر میاں ہمایوں پرویز ، نائب صدر صبور ملک ،اراکین مجلس عاملہ بدرہارون ،ثاقب رفیق اور دیگر بھی وفد میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

سی پی او نے کہا کہ تاجر طبقہ ایسے واقعات کا زیادہ نشانہ بنتا ہے اور پولیس کی یہ ذمہ دار ی ہے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے ،محدود وسائل کے باعث اور پولیس کی کوششوں کے باوجود بھی بعض اوقات واقعات رونما ہو جاتے ہیں ،کاروباری برادری پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے واقعات کو پولیس کے علم میں لائے تو ملوث افراد کے خلاف کارروائی میں آسانی ہو گی،سی پی او نے وفد کو یقین دلایا کہ پولیس جلد ہی شہر کا امن بحال کرے گی اور راولپنڈی کو امن سکون کا گہوارا بنایا جائے گا اس سے قبل صدر چیمبر سید اسد مشہدی نے شہر میں جرائم کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اغواء برائے تاوان ، چوری اور ڈکیتی کے واقعات میں شدت آئی ہے اور جس کا نشانہ کاروباری برادری ہی بنی ہے ، انہوں نے کہا کاروباری برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہے اور اگر تاجر طبقہ کو اس طرح ہراساں کیا جاتا رہا تو ملک کی اقتصادی ترقی بُری طرح متاثرہوگی صدر آر سی سی آئی نے بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث افراد کے خلاف بھر پور ایکشن لینے کے عزم پر سی پی او کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری پُر امید ہے کہ ایسے گھناؤنے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیا جائے تا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے ۔

انہوں نے سی پی او اسرار احمد خان کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور چیمبر کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا/s

متعلقہ عنوان :