Live Updates

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد سے (ن) لیگی امیدواروں اقبال ظفر جھگڑا اور راحیلہ مگسی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے کا حکم دیا ہے ، ہائیکورٹ کے حکم نامے کا اطلاق اسلام آباد ہی نہیں دیگر صوبوں سے کامیاب امیدواروں پر ہوتا ہے، فاٹا میں سینٹ انتخابات کے طریقہ کار تبدیلی کیلئے راتوں رات صدارتی آرڈیننس سے جمہوریت پر شب خون ماراگیا،تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری کی الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 5 مارچ 2015 20:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 مارچ۔2015ء) تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے وفاقی دارالحکومت سے سینٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اقبال ظفر جھگڑا اور راحیلہ مگسی کے خلاف آئینی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکمنامہ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو مقدمے کا فیصلہ آنے تک انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد ووٹ تبدیل کرنے والے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز جاری نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ہائیکورٹ کے حکمنامے کا اطلاق محض اسلام آباد ہی نہیں بلکہ دیگر صوبوں سے کامیاب امیدواروں پر بھی ہوتا ہے۔جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے صدارتی حکمنانے کے ذریعے فاٹا میں سینٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوے وفاقی حکومت کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز موثر آئینی ترمیم کے ذریعے سینٹ انتخابات کے کھلی رائے شماری کے ذریعے انعقاد کے حق میں کبھی بھی سنجیدہ نہ تھی اور اس نے پہلے 2013کے عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا اور اب فاٹا میں سینٹ انتخابات کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کیلئے رات کے اندھیرے میں جاری کیے گئے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوشش کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات