نواز شریف بلوچستان سے مسلم لیگی رہنما یعقوب ناصرکی شکست پر سخت برہم،پارٹی کے صوبائی صدر ثناء اللہ زہری اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے رپورٹ طلب کر لی

جمعرات 5 مارچ 2015 20:04

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 مارچ۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے بلوچستان میں سینٹ انتخابات میں سینئر مسلم لیگی رہنما سردار یعقوب ناصرکی شکست پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی صدر ثناء اللہ زہری اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق دورہ سعودی عرب کے دوران وزیر اعظم کو وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد سے سینٹ کے انتخابات کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کیا جاتا رہا۔

وزیر اعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی ‘ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر اعظم سے مسلسل رابطے میں رہے اور انہیں سینٹ انتخا بات کی تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے بلوچستان سے سینٹ انتخا بات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اس بات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے کہ سردار یعقوب ناصر مسلم لیگ (ن) کے سینئر اور وفادار ساتھی ہیں اور ان کے سینیٹر منتخب نہ ہونے پر وزیر اعظم کو دلی دکھ ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے یہ کہا ہے کہ یعقوب ناصر نے آمریت کے دور میں جمہوریت اور مسلم لیگ (ن) کا جھنڈا بلند رکھا اور جو قربانیاں دیں ان کے نتیجہ میں مسلم لیگی ارکان کو انہیں ہر صورت کامیاب کرانا چاہیے تھا۔ دریں اثناء وزیر اعظم نے پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے کلین سویپ کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وطن واپسی کے بعد وزیر اعظم ہفتہ کو اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس طلب کریں گے جس میں سینٹ انتخابات کے نتائج اور چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین شپ کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔