Live Updates

مجھے(ن)لیگ کے باضمیر 7اراکین نے ووٹ دے کر شریف برادران کے سیاسی ”مارشل لاء “ کے خلاف بغاوت کا آغاز کر دیا ‘سینیٹ انتخابا ت کے دوران پنجاب اسمبلی میں فوجی مارشل لاء جیسا ماحول رہا‘ہمیں مک مکاؤ کے طعنے دینے والے عمران خان نے پنجاب میں سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لے کر خود نوازشریف کے ساتھ مک مکاؤ کیا اور (ن)لیگ پنجاب سے تمام سیٹیں جیت گئی‘اگر تحریک انصاف سینیٹ انتخابات میں حصہ لیتی تو ایک سیٹ وہ یا ہم بھی جیت سکتے تھے ‘مجھے اپنی شکست کے بارے میں پہلے سے علم تھا لیکن ہم نے (ن)لیگ میں بغاوت کو بے نقاب کرنے کیلئے انتخابات میں حصہ لیا،پیپلزپارٹی کے پنجاب سے سینیٹ کے امیدوار ندیم افضل چن کی پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 5 مارچ 2015 20:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 مارچ۔2015ء) پیپلزپارٹی کے پنجاب سے سینیٹ کے امیدوار ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ مجھے(ن)لیگ کے باضمیر 7اراکین نے ووٹ دے کر شریف برادران کے سیاسی ”مارشل لاء “ کے خلاف بغاوت کا آغاز کر دیا ہے ‘سینیٹ انتخابا ت کے دوران پنجاب اسمبلی میں فوجی مارشل لاء جیسا ماحول رہا‘ہمیں مک مکاؤ کے طعنے دینے والے عمران خان نے پنجاب میں سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لے کر خود نوازشریف کے ساتھ مک مکاؤ کیا اور (ن)لیگ پنجاب سے تمام سیٹیں جیت گئی‘اگر تحریک انصاف سینیٹ انتخابات میں حصہ لیتی تو ایک سیٹ وہ یا ہم بھی جیت سکتے تھے ‘مجھے اپنی شکست کے بارے میں پہلے سے علم تھا لیکن ہم نے (ن)لیگ میں بغاوت کو بے نقاب کرنے کیلئے انتخابات میں حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز پنجا ب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہاکہ میں (ق)لیگ آزاد اراکین اسمبلی اور (ن)لیگ کے ان اراکین کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے انٹیلی جنس اداروں ، پنجاب کی بیوروکریسی ، شریف برادران کے تمام تر دباؤ کے باوجود مجھے ووٹ دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شریف برادران آمرانہ سوچ کے حامل ہیں یہی وجہ ہے کہ (ن)لیگ کے اپنے اراکین بھی ان کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں اور جس طرح عام انتخابات میں آر اوز کے ذریعے دھاندلی کی گئی بالکل اسی طرح آج پنجاب اسمبلی میں مارشل لا ء جیسے ماحول میں شریف برادران نے اپنے لوگوں کو اپنی مرضی کے بجائے پارٹی کی مرضی کے مطابق ووٹ ڈالنے پر مجبور کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مجھے جتنے بھی ووٹ پڑے یہ الگ بات ہے لیکن اب شریف برادران دن رات صرف ان لوگوں کو تلاش کریں گے جنہوں نے مجھے ووٹ دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ (ن)لیگ اگر میثاق جمہوریت پر عمل کرتی تو آج ایک نشست اپوزیشن کو دی جاتی مگر وہ سب کچھ اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں یہی پیپلزپارٹی اور ان کی سیاست میں فرق ہے ہمیں ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کرتے ہوئے سب کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی ہے اور ملک کو جتنا مضبوط پیپلزپارٹی نے کیا ہے کوئی اور جماعت آج تک نہیں کر سکی ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات