تاجرکمیونٹی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،کمشنر کراچی

جمعرات 5 مارچ 2015 17:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت تاجر کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکنہ کو شش کررہی ہے۔ ان کوششوں کو نتیجہ خیز اور مو ثر بنانے کے لئے تاجروں کے نمائندوں اور متعلقہ افسران کے درمیان رابطہ کو مضبو ط بنایا جائیگا اور باہمی رابطہ سے تاجروں کے مسائل حل کر نے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

وہ اپنے دفتر میں جمیل پراچہ چیئرمین سندھ تاجر اتحاد کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملا قات کر رہے تھے۔ وفد میں شہر کے کم وبیش تمام علاقوں کی اہم مارکیٹوں کی انجمنوں کے نمائندے مو جو د تھے۔کمشنر نے کہا کہ تاجرکمیونٹی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انھیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے سے ملک میں معیشت کوبہتر بنانے کی کوششوں کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے وفد کے مسائل کو توجہ سے سنا اور ان کے حل کے لئے اقدامات کر نے کی یقین دہانی کرائی انھوں نے کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے وہ تاجرانجمنوں اور متعلقہ شہری اداروں کے افسران کے ساتھ رابطہ و تعاون کو مضبوط بنا نے پر یقین رکھتے ہیں۔ لہذا وہ اس رابطے کو مضبو ط بنانے اور متعلقہ افسران کی مو جو دگی میں ان کے مسائل سنیں گے اور ان کے حل کے لئے اقدامات کریں گے اس سلسلہ میں اسی ماہ کھلی کچہری کا انعقا د کیا جا ئے گا تاکہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے فوری فیصلہ کئے جاسکیں اور انھیں فوری حل کر نے کا حل تلاش کیا جاسکے۔

کھلی کچہری میں متعلقہ شہری اداروں کے افسران اور شہر کے ہر علاقہ کی مارکیٹ اور بازار کے تاجروں کی انجمنوں کے نمائندے شر کت کریں گے۔ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے ایڈیشنل کمشنر کراچی ٹو کو ہدایت کی کہ وہ اسی ماہ کھلی کچہری کا انعقاد کریں جس میں بلدیہ عظمی کراچی ، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، کنٹونمنٹ بورڈ ، کے الیکڑک ،ضلعی انتظامیہ کے افسران سندھ بلڈنگ کنٹرو ل اتھارٹی اور دیگراداروں کے افسران اور نمائندوں کو کھلی کچہری میں شر کت کو مدعو کریں تاکہ ان کے مسائل کے حل کے لئے فوری فیصلہ کر کے ان پر عملدرآمد کیا جا سکے، کمشنر کراچی شعیب احمدصدیقی نے کھانے پینے کی اشیا فروخت کر نے والے اجلاس میں مو جود تاجروں سے کہا کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری پرائس کنٹرول مہم میں تعاون کریں۔

دکانداروں کو پابند کریں کہ وہ انتظامیہ کی جاری کردہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی فہرست کو نمایاں طور پر آویزاں کر یں اور ان قیمتوں کے مطابق اشیا فروخت کریں انھوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تاجروں کے ساتھ مل کر جو قیمتیں مقرر کی جائیں گی ان قیمتوں کو ہر صورت میں نافذ کیا جا ئے گا تاکہ عام افراد کو قیمتوں کے ضمن میں ریلیف ملے اور انھیں مناسب قیمت پر اشیاء دستیاب ہوں کمشنر کراچی نے تاجروں سے کہا کہ وہ شہر میں مارکیٹو ں کے اطراف بے ہنگم پارکنگ کو ختم کر نے میں تعاون کریں، تاکہ بے ہنگم پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شاہراہوں پر ٹریفک کا بڑھتا ہو ا دباؤ کم کیا جا سکے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ مارکیٹ کے اطراف پارکنگ اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں تاجروں کا تعاون در کا ر ہے ۔ لوگوں کا تعاون ہو گا تو شہر کی بہتری کی کوششوں کو کامیاب کر نے میں مدد ملے گی ۔

متعلقہ عنوان :