فاٹا کے تمام ارکان کو ووٹ کا برابر کا حق دینے کا فیصلہ درست ہے‘ صدارتی آرڈیننس جاری کرکے حکومت نے کوئی غلط کام نہیں کیا‘ بعض لوگوں نے فاٹا میں کارٹل بنا رکھا تھا‘ ہم نے آرڈیننس لاکر فاٹا کارٹل کو توڑ دیا

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 5 مارچ 2015 17:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ فاٹا کے تمام ارکان کو ووٹ کا برابر کا حق دینے کا فیصلہ درست ہے‘ صدارتی آرڈیننس جاری کرکے حکومت نے کوئی غلط کام نہیں کیا‘ بعض لوگوں نے فاٹا میں کارٹل بنا رکھا تھا‘ ہم نے آرڈیننس لاکر فاٹا کارٹل کو توڑ دیا۔ وہ جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کی پوری کوشش کی۔ تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر اسے روکا جائے۔

(جاری ہے)

اس میں ہم کافی حد تک کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی بائیسویں آئینی ترمیم میں ہمارا ساتھ دیتی تو اس میں مزید کامیاب ہوسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی تعداد کے تناسب سے الیکشن جیتیں گے۔ پنجاب سے 11 جبکہ بلوچستان سے 5 نشستیں حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں ہارس ٹریڈنگ کی کوئی منڈی نہیں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبہ سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سینٹ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔