الیکشن کمیشن کے عملے نے اسلام آباد سے سینیٹ کی 2 نشستو ں کیلئے کارڈ نہ ہونے پر 15 ارکان کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا

جمعرات 5 مارچ 2015 17:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) الیکشن کمیشن کے عملے نے قومی اسمبلی میں سینٹ کی اسلام آباد سے 2 نشستو ں کے انتخابات میں 15 اکان اسمبلی کو قومی اسمبلی کے اصل کارڈ کے بغیر ووٹ ڈالنے سے روک دیا ‘ (ن) لیگ کے کیپٹن صفدر سمیت 15 ارکان نے سپیکر آفس سے نیا کارڈ حاصل کر کے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال کو اپنا اصل کارڈ لانے کیلئے واپس گھر جانا پڑا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو قومی اسمبلی میں سینٹ کی اسلام اباد سے 2 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں (ن) لیگ کے کیپٹن صدر سمیت 15 ارکان قومی اسمبلی کے کارڈ کے بغیر ووٹ ڈالنے پہنچ گئے تاہم الیکشن کمیشن کے عملے نے انہیں کارڈ دکھائے بغیر پولنگ بوتھ میں جانے سے روک دیا جس پر یہ تمام ارکان سپیکر آفس پہنچ گئے جہاں ان کے نئے ”شناختی کارڈ“ ہنگامی بنیادوں پر بنانے کے احکامات جاری کئے گئے۔ بعد ازاں کیپٹن صفدر سمیت 15 ارکان نے اسمبلی کے نئے کارڈ دکھا کر اپنا ووٹ استعمال کیا۔ اس طرح وفاقی وزیر احسن اقبال بھی اپنا کارڈ گھر بھول آئے اور انہیں دوبارہ گھر جا کر کارڈ لانا پڑا۔