محکمہ تعلیم نقل کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن جدوجہد کررہی ہے ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خضدار محمد زکریا شاہوانی

جمعرات 5 مارچ 2015 17:17

وڈھ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خضدار محمد زکریا شاہوانی نے کہاکہ محکمہ تعلیم نقل کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن جدوجہد کررہی ہے اور اس عمل کو وسعت دیکر پرائمری سطح تک لانے کی کوشش کرینگے۔ تاکہ ہماری نئی نسل لفظ نقل سے نا آشنا ہو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہائی سکول وڈھ میں قائم میٹرک کے جاری سالانہ امتحانی سینٹر کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈویژنل ڈائریکٹر عطامحمد قمبرانی،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نورمحمدمینگل ان کے ہمراہ تھے ۔ اس مو قع پر انہیں سینٹر سپریٹنڈنٹ عبدالغفار عمرانی نے امتحانی حال کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ڈپٹی سپریٹنڈنٹ مولابخش نوتانی سمیت دیگر امتحانی عملہ موجود تھے انہوں نے کہا کہ جو سلسلہ اس وقت شروع ہوچکا ہے انشاء اللہ ہمارا ارادہ یہی ہے ہم اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اوپر سے نیچے( پرائمری) تک لائیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں آئندہ پرائمری اور مڈل کے اسٹینڈرڈ اور ہوم امتحانات میں نقل کا اس طرح خاتمہ کریں گے کہ ہماری آئندہ آنیوالی نسل لفظ نقل سے بالکل نا آشنا ہواور انشاء اللہ ایک ایسی نسل تیار ہوگی جونقل جیسی ناسور کو اپنے جوتے کی نوک پررکھ کر ملک بد ر کرینگے ۔ انہوں نے امتحانی ہال میں نقل پر کنٹرول اور نظم و ضبط کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کی طرف سے نقل کے خاتمہ کے متعلق جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ آئندہ آنیوالی نسل کے لئے سود مند ثابت ہونگے نقل کی روک تھا م کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا طلباء کو چاہئے کہ وہ نقل کو اپنے ذہن سے نکال کر اپنی ذہنی صلاحیتوں کواستعمال میں لاتے ہوئے پڑھائی پر توجہ دیں تاکہ ان کی مستقبل محفوظ اور مضبوط ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :