عوام کی ترقی ،خوشحالی اور سکون کیلئے آئین و قانون کی بالا دستی ناگزیر ہے ،چوہدری محمد سرور

جمعرات 5 مارچ 2015 17:07

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء)سابق گورنر پنجاب و تحریک انصاف کے رہنماء چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کے 18 کروڑ عوام کی ترقی ،خوشحالی اور سکون کیلئے آئین و قانون کی بالا دستی ناگزیر ہے ۔عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف برسراقتدار آکر میرٹ کی بنیار پرتمام لوگوں کو انصاف فراہم کرے گی ۔ پنجاب مین استحصالی نظام کی بدولت 9کروڑ عوام صحت ،تعلیم و صفائی ، پینے کے صاف پانی و دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔

بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کیلئے ضلع ، تحصیل و یونین کونسل سطح پر تحریک انصاف کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں ۔انہوں نے تحریک انصاف ضلع بہاولنگر کے صدر ملک مظفر خاں کی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کے موقع پر کارکنوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ پاکستان آئین و قانون کی بالا دستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت ہے جو برسر اقتدار آنے کے بعد انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کرے گی اور ہر شخص کو میرٹ کی بنیاد پر انصاف ملے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک مظفر خاں نے سابق گورنر کو ضلع بہاولنگر کی پانچ تحصیلوں چشتیاں ، بہاولنگر، منچن آباد، ہارون آباد، فورٹ عباس میں تحریک انصاف کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں و دیگر پارٹی عہدیداروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔تقریب میں تحریک انصاف چشتیاں کے راہنما ملک مشتاق احمد ،ملک جمشید سلیم بھی موجود تھے۔