سپیکر قومی اسمبلی نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کا استعفیٰ منظور کرلیا

جمعرات 5 مارچ 2015 16:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے متحدہ قومی موومنٹ کے کراچی کے حلقہ این اے 246 سے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ جمعرات کو اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کو جمعرات کو ایم کیو ایم کے رکن نبیل گبول کا استعفیٰ پیش کیا گیا جسے انہوں نے منظور کرلیا۔ نبیل گبول نے تقریباً دو ہفتے قبل اچانک قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور وہ اپنا استعفیٰ لے کر پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر چیمبر میں بھی گئے تاہم اس وقت سپیکر موجود نہیں تھے اور سٹاف نے ان سے استعفیٰ وصول نہیں کیا تھا تاہم بعد ازاں نبیل گبول نے اپنا استعفیٰ سپیکر کو بھجو ادیا تھا جسے اب باقاعدہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے اور اس کی الیکشن کمیشن کو بھی اطلاع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نبیل گبول کے ایم کیو ایم کی قیادت سے کافی عرصہ سے اختلافات چلے آرہے تھے وہ پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر ایم کیو ایم میں شامل ہوئے تھے تاہم اب ذوالفقار مرزا کی پی پی پی کی رکنیت کی معطلی اور عزیر بلوچ کی دبئی میں گرفتاری کے بعد ان کے دو حریف منظر سے ہٹ چکے ہیں جس کے بعد ان کی پیپلز پارٹی میں واپسی بھی متوقع ہے تاہم بعض ذرائع ان کے تحریک انصاف میں جانے کے بارے میں بھی دعوے کررہے ہیں۔