وزیراعظم نواز شریف کی وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی ‘ نوافل کے ساتھ نماز ظہر مسجد الحرام میں ادا کی ‘ پاکستان کی ترقی‘ سلامتی اور خوشحالی کیلئے الله کے حضور گڑگڑا گڑگڑا کر اشکبار آنکھوں سے دعائیں

حرم پاک میں موجود بڑی تعداد میں پاکستانیوں کا وزیراعظم سے مل کر اپنی محبت کا اظہار‘ کئی پاکستانیوں کا ملکی صورتحال پرتشویش کا اظہار ‘ حالات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں کچھ عرصے میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی‘ وزیراعظم کی پاکستانیوں کو تسلی

جمعرات 5 مارچ 2015 16:30

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ جمعرات کو عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ وزیراعظم اور وفد کے ارکان نے نوافل کی ادائیگی کے علاوہ نماز ظہر بھی مسجد الحرام میں ادا کی ۔ وزیراعظم نواز شریف گزشتہ روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر تین روزہ دورہ پر ریاض پہنچے تھے ۔

سعودی شاہ نے تمام پروٹوکول کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وزیراعظم کا ولی عہد اور کابینہ سمیت ریاض ایئرپورٹ پر خود استقبال کیا تھا۔ ریاض میں وزیراعظم اور سعودی قیادت کے درمیان گزشتہ روز اہم مذاکرات بھی ہوئے تھے جس میں خطہ کی صورتحال سمیت دیگر معاملات زیر بحث آئے۔ وزیراعظم نواز شریف کی وفد کے ہمراہ مسجد الحرام میں آمد کے موقع پر بڑی تعداد میں پاکستانی وہاں موجود تھے وہ وزیراعظم کو آکر مل کر ان سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کرتے رہے۔

(جاری ہے)

سعودی سکیورٹی نے اس موقع پر خصوصی انتظامات کررکھے تھے تاہم وزیراعظم پاکستانیوں سے ملتے رہے۔ کئی پاکستانیوں نے ملکی صورتحال پر اپنی تشویش سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا وزیراعظم نے انہیں حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ حالات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں کچھ عرصے میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔ وزیراعظم نے تمام پاکستانیوں سے کہا کہ وہ الله تعالیٰ کے حضور سربسجود ہو کر وطن عزیز کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد نوافل اور نماز ظہر کے دوران پاکستان کی ترقی‘ سلامتی اور خوشحالی کے لئے الله کے حضور گڑگڑا گڑگڑا کر اشکبار آنکھوں سے دعائیں کیں۔ وزیراعظم عمرہ اور نماز ظہر ادا کرکے مکہ مکرمہ سے واپس جدہ چلے گئے۔