میرے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوئی تو میں اسکا سامنا کروں گا،میرجان محمد جمالی

جمعرات 5 مارچ 2015 16:09

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اسپیکر میرجان محمدجمالی نے کہا ہے کہ اگر میرے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوئی تو میں اسکا سامنا کروں گا اصولوں پر میں نے کبھی بھی سودے بازی نہیں کی ہے اور نہ ہی آئندہ کروں گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

میر جان محمد جمالی نے کہا کہ سینٹ کے الیکشن میں میری بیٹی حصہ لے رہی ہے اور کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ با اصول ارکان اسمبلی اپنا ووٹ اپنے ضمیر کے مطابق استعمال کرینگے میں اور میری ہمشیرہ نے اپنا ووٹ کاسٹ کرلیا ہے اور وہ اپنی بیٹی کے حق میں دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آگے چل کر ایک نیا اتحاد بنایا جائے گا کیونکہ اس وقت جو صورتحال سامنے آئی ہے اس سے اندازہ ہوا ہے کہ مرکزی قیادت ہمیں نظرانداز کررہی ہے اس لئے ہم آپس میں رابطے کر رہے ہیں تاکہ علاقائی سطح پر اتحاد قائم کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈرنے والوں میں سے نہیں ہیں بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے یہاں پر اسکے اپنے رسم و رواج ہیں اور ہم اپنے رسم و رواج پرقائم ہیں اورآئندہ بھی رہیں گے۔