لاہور ہائیکورٹ نے نیول وار کالج خود کش حملہ میں معاونت فراہم کرنے والے

ملزم کی سزاء کیخلاف دائر اپیل پر وکلاء کو حتمی بحث کیلئے طلب کر لیا

جمعرات 5 مارچ 2015 15:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے نیول وار کالج خود کش حملہ میں معاونت فراہم کرنے والے ملزم ندیم حسین کی سزاء کے خلاف دائر اپیل پر فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی خصوصی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ملزم ندیم حسین کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ٹرائل عدالت نے ناکافی گواہوں اور ثبوتوں کے باوجود ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی لہذا عدالت اس سزاء کو ختم کرتے ہوئے ملزم کو بری کرنے کا حکم دے۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل خرم خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ٹرائل عدالت نے ٹھوس شہادتوں اور ثبوتوں کی بنیاد پر ملزم کو سزا سنائی۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیول وار کالج لاہور میں خود کش حملہ میں تین افراد شہید،پندرہ زخمی اور بیس گاڑیاں تباہ ہو گئی تھیں۔ملزم نے خود کش حملہ آور کی معاونت کی لہذا اسکی اپیل کو مسترد کر دیا جائے۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت دس مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔