لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کیخلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کاروائی

کیلئے دائر انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا

جمعرات 5 مارچ 2015 15:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کاروائی کے لئے دائر انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔درخواست گزار سید اقتدار حیدر نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اپنی بیٹی مریم نواز کو میرٹ کے برعکس یوتھ لون سکیم کی چئیرپرسن کے عہدے پر تعینات کیا۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم پر مریم نواز کو یہ عہدہ چھوڑنا پڑا۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مریم نواز کا شناختی کارڈ پر نام مریم صفدر ہے جبکہ یوتھ لون سکیم کی چئیر پرسن کے عہدے کے لئے غلط طور پر مریم نواز کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے حلف کی پاسداری نہیں کی لہذا اوزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے۔جس پر عدالت نے وزیر اعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کاروائی کے لئے دائر انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔