Live Updates

خیبر پختونخوا سینٹ الیکشن میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے دو اراکین بیلٹ پیپر باہر لے جاتے ہوئے پکڑے گئے

کنٹینر پر کھڑے ہوکر شفاف انتخابات کا مطالبہ کرنے والا عمران اسی طرح نیا پاکستان اور خیبر پختونخوا بنائے گا ، سینیٹر زاہد خان

جمعرات 5 مارچ 2015 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے سینٹ الیکشن میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے دو اراکین بیلٹ پیپر باہر لے جاتے ہوئے پکڑے گئے ہیں‘ کنٹینر پر کھڑے ہوکر شفاف انتخابات کا مطالبہ کرنے والا عمران اسی طرح نیا پاکستان اور خیبر پختونخوا بنائے گا افسوس ہے کہ نئے چیف الیکشن کمشنر بھی ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کیلئے کوئی اقدامات نہ کرسکے۔

ملک میں بندوق اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے کامیاب ہیں۔ جمعرات کے روز سینٹ الیکشن کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سینیٹر زاہد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کہا تھا کہ کے پی کے میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے اقدامات سمیت طریقہ کار بنالیا ہے لیکن آج کے پی کے میں سینٹ الیکشن تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی وجہ سے رک گئے ہیں کیونکہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے دو اراکین بیلٹ پیپر لے کر باہر آئے۔

(جاری ہے)

سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ہم نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان سے بڑی امیدیں وابستہ کی تھیں کہ وہ اس مرتبہ صاف اور شفاف انتخابات کرائیں گے لیکن وہ بھی ماضی کے دیگر الیکشن کمشنرز کی طرح ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر کھڑے ہوکر صاف شفاف الیکشن کی بات کرنے والا عمران خان آج خود کے پی کے میں بیٹھ کر ہارس ٹریڈنگ کروا رہا ہے جبکہ ہم نے دیر بالا میں بھی جماعت اسلامی کے 90 ہزار ووٹ پکڑے۔

اگر یہ ڈرامہ اسی طرح چلتا رہا تو اس تمام ڈرامے کا ذمہ دار چیف الیکشن کمشنر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ایک بندوق اور دوسرا جلاؤ گھیراؤ کرنے والا کامیاب ہے جس کے سامنے جوڈیشری اور حکومت فوری طور پر جھک جاتے ہیں اور شریف لوگوں کی یہاں پر کوئی جگہ نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گذشتہ رات آنے والا آرڈیننس دال میں کالا ہے اور اس میں دھاندلی نظر آرہی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات