آزاد رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کا سینٹ الیکشن سے بائیکاٹ کا اعلان

جمعرات 5 مارچ 2015 15:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) ملتان کے حلقہ این اے 149 سے آزاد رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے سینٹ الیکشن سے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں چھانگا مانگا کے وزیراعظم نے کروڑوں روپے کے عوض اراکین کو خرید لیا ہے‘ ضمیر فروش سینٹ میں آکر بھلا عوام کی بہتری کیلئے کیا کام کریں گے حالانکہ سینٹ الیکشن میں الیکشن کمیشن کو ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں تھے۔

جمعرات کے روز سینٹ الیکشن کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ملتان کے حلقہ این اے 149سے آزاد رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چار سے پانچ ماہ کے دوران قومی اسمبلی کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ 18 کروڑ عوام کے مقدس ایوان میں اراکین غیر حاضر رہتے ہیں اور آج سینٹ الیکشن میں بھی اراکین کی بولیاں لگائی جاچکی ہیں۔

(جاری ہے)

چھانگا مانگا کے وزیراعظم نے بھی کروڑوں روپے دے کر اراکین اسمبلی کو خرید لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھانگا مانگا کے وزیراعظم نے اراکین اسمبلی کو کروڑوں روپے میں خرید کر ہارس ٹریڈنگ کو تقویت دی۔ بتایا جائے کہ ضمیر فروش لوگ سینٹ میں آکر عوام کی بہتری کیلئے کیا کام کریں گے۔ ان تمام وجوہات کی بناء پر آج سینٹ الیکشن سے بائیکاٹ کرتا ہوں۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہئے تھا کہ وہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کیلئے سخت اقدامات کرتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان تبدیلی کی آخری امید ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اچھے اور برے لوگ ہر جگہ موجود ہوتے ہیں لیکن تحریک انصاف میں آج جو بھی گندے انڈے ضمیر فروشی کریں گے ان کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔