حکومت پنجاب آڈٹ رپورٹ

محکمہ ریلویز میں اربوں روپے مالیت کی مالی بے ضابطگیوں اور خورد برد کا انکشاف‘ رپورٹ میں حکام کو تحقیقات کا حکم دیدیا گیا

جمعرات 5 مارچ 2015 14:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) حکومت پنجاب کی تازہ ترین آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ محکمہ ریلویز میں اربوں روپے مالیت کی مالی بے ضابطگیاں اور خرد برد کیا گیا ہے اور قومی خزانے کو بے تحاشا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق میکانیکل ڈیپارٹمنٹ لاہور‘ ڈویژنل میکانیکل انجینئرنگ کراچی اور ڈویژنل میکانیکل انجینئرنگ راولپنڈی کے کوچنگ اور ساز و سامان کی مد میں 37.27 ملین روپے کا خسارہ پایا گیا ہے۔

آڈٹ رپورٹ میں ریلویز حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کریں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کر کے ڈیفالٹرز سے رقوم کی واپسی ممکن بنائی جائے اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جائے۔ آڈٹ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ پاکستان ریلوے کے مختلف محکموں میں 34.37 ملین روپے مالیت کا ساز و سامان شارٹ پایا گیا ہے اور آڈٹ کے لئے سٹاک کے حوالے سے کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

آڈٹ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ کمرشل اور سول سٹاف نے بھی 27.64 ملین روپے کی رقم خرد برد کی۔ آڈٹ میں 19.55 ملین روپے جعلی رسیدوں کے ذریعے واپس کرتے دکھایا گیا ہے تاہم یہ ٹکٹ فروخت کر دیئے گئے اور رقوم جیبوں میں ڈال دی گئی۔ 7.88 ملین روپے بھی لیز والی کمپنیوں اور افراد سے اکٹھے کئے گئے جبکہ صرف 3.86 ملین روپے منافع میں ڈیپازٹ کئے گئے۔

آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ریلویز اتھارٹیز قیمتی اثاثوں کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں جن کی مالیت 13.67 ملین روپے ہے۔ حکام بغیر ادائیگی کئے کالا دینہ لوپ ہول سے دیگر سامان سمیت پٹڑی ساتھ لے گئے ہیں۔ آڈٹ رپورٹ میں اس کو چوری سے تعبیر کیا گیا ہے۔ آڈٹ رپورت میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ ریلویز 4.04 ملین روپے کا ڈیلی کیش تاخیر سے جمع کرانے پر ریلویز کو بے تحاشا مالی نقصان اور خسارہ برداشت کرنا پڑا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ خسارے اور مالی نقصان سے بچنے کے لئے ریلویز ریونیو کے بروقت کلیکشن کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :