6 ایم این ایز نے فاٹا سے سینٹ انتخابات میں کروڑوں روپے حاصل کئے ، رکن قومی اسمبلی نذیر خان

جمعرات 5 مارچ 2015 13:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے فاٹا سے رکن قومی اسمبلی نذیر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے آرڈیننس جاری کیا ہے اس کیلئے شکرگزار ہیں‘ فاٹا سے چھ ایم این ایز نے کروڑوں روپے سینٹ الیکشن کیلئے حاصل کئے جوکہ انتہائی شرمناک فعل ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز سینٹ الیکشن کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے فاٹا سے رکن قومی اسمبلی نذیر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا شکر گزار ہوں کہ اس نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کیلئے آرڈیننس جاری کیا جس میں فاٹا کا ایک رکن ایک ووٹ پول کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف سے درخواست کی تھی کہ پچھلے چودہ سال سے سینٹ میں نارتھ وزیرستان کا کوئی نمائندہ نہیں ہے حالانکہ ہر ایجنسی سے ایک ایک نمائندہ ہونا چاہئے۔ نذیر خان نے کہا کہ اپوزیشن نے بھی سینٹ میں کمپرومائز کیا ہوا ہے اور اچھے نتائج کی امید ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 6 ایم این ایز نے فاٹا سے سینٹ انتخابات میں کروڑوں روپے حاصل کئے ہیں جوکہ انتہائی شرمناک فعل ہے۔

متعلقہ عنوان :