امریکہ میں پاکستانی شہری دہشتگردی کی سازش میں ملوث ہونے کا مجرم قرار

جمعرات 5 مارچ 2015 11:56

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05مارچ۔2015ء ) امریکی جیوری نے پاکستانی شہری کو دہشت گرد حملوں کے لئے القاعدہ کی سازش میں ملوث ہونے کا مجرم قرار دے دیا ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق نیویارک میں 12 رکنی جیوری میں برطانیہ سے جلاوطن کئے گئے پاکستانی شہری عابد نصیر پر برطانیہ میں القاعدہ کا سیل چلانے کے علاوہ مانچسٹر اور نیویارک میں حملوں کے لئے القاعدہ کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام کی سماعت ہوئی۔

استغاثہ نے کہا کہ عابد نصیر القاعدہ کی اس سازش میں ملوث تھا جس کے تحت مانچسٹر اور نیویارک کے زیر زمین ریلوے سمیت کئی جگہوں پر بم دھماکے کئے جانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ان کی ای میلز سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ عابد نصیر اور ان کے 2 ساتھی القاعدہ کے کسی رکن سے رابطے میں تھے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران برطانوی انٹیلی جنس کے 6 افسران بطور گواہ جیوری کے سامنے پیش ہوئے اس کے علاوہ ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی رہائش گاہ سے ملنے والے کاغذات کو بھی پہلی بار کسی عدالت میں بطور شہادت پیش کیاگیا۔

اس موقع پر عابد نصیر نے خود پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ تعلیم حاصل کرنے گئے تھے دہشت گردی کرنے نہیں۔ شواہد کی روشنی میں کہیں بھی یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ان کا القاعدہ کے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی تعلق تھا۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد امریکی جیوری نے عابد نصیر کو دہشت گردوں کی عملی مدد اوردھماکے کے لئے دھماکا خیز مواد مہیا کرنے کا مجرم قرار دیا تاہم ان کی سزا کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عابد نصیر ان 12 افراد میں شامل تھے جنہیں 2009 میں برطانیہ میں ایک شاپنگ سینٹر کو نشانہ بنانے کی سازش کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ برطانوی عدالت نے ناکافی شہادتوں کی بنا پر عابد نصیر کے خلاف مقدمہ ختم کردیا تھا لیکن برطانوی حکومت نے انھیں امریکا کے حوالے کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :