پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان،

جمہوریت کی عزت نفس مجروح ہورہی ہے اسمبلی بکرا منڈی بن چکی ہیں،شیخ رشید

بدھ 4 مارچ 2015 23:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔4مارچ۔2015ء) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی عزت نفس مجروح ہورہی ہے اسمبلی بکرا منڈی بن چکی ہیں اگر زیادہ بکرے بکے تو کسائیوں کی چھریاں تیز ہونے جارہی ہیں۔ پانچ سیٹوں پر دو امیدوار سینیٹ الیکشن میں کھڑے ہیں۔

ایسا ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

یہاں اسمبلی میں کے پی کے اور پنجاب ریٹ لگائے جارہے ہیں۔ حکومت کے نمائندے کشکول لے کر ملک ملک گھوم رہے ہیں انہوں نے کہا تھا کہ یہ کشکول توڑیں گے یہ سب بکاؤ مال ہیں۔ صحافیوں کے سوال پرانہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ اگر سینیٹ الیکشن یونہی ہوا تو سڑکوں پر نکلیں گے۔ عوامی مسلم لیگ عمران خان کے ساتھ ہے۔ خورشید صاحب ووٹ مانگنے آئے تھے لیکن میں ان سے کہوں کہ وہ بھی میری طرح اس الیکشن کا بائیکاٹ کریں۔