کوہاٹ نصرت خیل کے قریب پک اپ گاڑی چھیننے کی واردات کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی

بدھ 4 مارچ 2015 23:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔4مارچ۔2015ء) کوہاٹ نصرت خیل کے قریب پک اپ گاڑی چھیننے کی واردات کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔پولیس نے چھینی گئی گاڑی برآمد کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔واقعات کے مطابق کوہاٹ ہنگو روڈ پر نصرت خیل پٹرول پمپ کے قریب کار سواروں نے ایک پک اپ گاڑی نمبرپشاور H.8032 کو روک کر چھیننے کی کوشش کے دوران ڈرائیور محمد زا گل سکنہ بلیامینہ ہنگو کو مزاحمت پر گولی مار کرشدید زخمی کر دیاجبکہ ملزمان گاڑی چھین کر جائے واردات سے فرار ہوگئے ۔

واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس پر ضلع کے تمام راستوں کی ناکہ بندی کرکے تلاش شروع کردی گئی تاہم ملزمان گرفتاری کے خوف سے پک اپ گاڑی ہنگو روڈ پر پرانا تبلیغی مرکز کے قریب چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور پولیس حکام نے ملزمان کی جلد گرفتاری کی توقع ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق پک اپ گاڑی سے دس لاکھ روپے کی نقدی بھی ملی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان کو رقم لوٹنے اور گاڑی چھیننے کی کوشش کے دوران پولیس کی ناکہ بندیاں توڑنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ سب کچھ چھوڑ کر روپوش ہو گئے ہیں۔پولیس تھانہ چھاؤنی نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :