دینی مدارس ومساجد پر بلاجواز چھاپے بند کئے جائیں۔علامہ حزب اللہ جکھرو

بدھ 4 مارچ 2015 23:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) جمعیت اتحاد العلماء سندھ کے ناظم اعلیٰ علامہ حزب اللہ جکھرو نے اسپیکر ایکٹ اور رجسٹریشن کی آڑ میں دینی مدارس پر بلاجواز چھاپے مارکر اساتذہ اور طلباء کو حراساں کرنے والے عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے امریکی ایجنڈے کی تکمیل کا حصہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ دینی جماعتوں کی طرح دینی مدارس نے ھرفورم پرہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی ہے، دینی مدارس نے ہمیشہ اپنے طلباء کو برداشت صبر اور اسلام کا احترام انسانیت کا درس دیا ۔

(جاری ہے)

مگر غلام حکمران اپنے آقاؤں کے اشاروں پر دینی مدارس ،مساجد کو نشانہ بناکر علماء کرام،اساتذہ، آئمہ کرام کو حراساں کرکے عذاب الاہی کو دعوت بلکہ ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے قلعوں کی سرحدوں کو کھوکھلا کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ مولانا حزب اللہ جکھرو نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے کشمور تک دہشتگردوں کو مفاہمتی ومفاد پرست پالیسی کے تحت اپنی گود میں بٹھانے والے حکمران کس منہ سے دینی مدارس پر دہشتگردی کے الزامات لگاکر علماء کو حراساں کررہے ہیں۔ دین دشمن حکمرانوں نے اگر اپنا رویہ درست نہ کیا تو پھر دینی مدارس پنا لائحہ عمل بنانے میں آزاد ہونگے۔