قومی اسمبلی کااجلاس،وکیل علی حسن بخاری کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی

سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس مسٹر جسٹس رانا بھگوان داس کیلئے ایک منٹ خاموشی

بدھ 4 مارچ 2015 22:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی میں کراچی میں جاں بحق ہونے والے وکیل علی حسن بخاری کیلئے دعائے مغفرت اور سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس مسٹر جسٹس رانا بھگوان داس کیلئے ایک منٹ خاموشی اختیار کی گئی۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم عبدالرشیدگوڈیل نے کہا کہ کراچی میں ہمارے وکیل علی حسن بخاری کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے وہ لاپتہ افراد کا مقدمہ لڑ رہے تھے ہمیں اس صورتحال کا ادراک کرنا چاہیے اور اس سلسلے کو روکنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے چاہئیں وہ کون سے خفیہ ہاتھ ہیں جو یہ کارروائیاں کر رہے ہیں ان ہاتھوں کا پتہ چلانا حکومت وقت کا کام ہے۔

اس معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وکیل علی حسن بخاری مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کرائی جائے اور رانا بھگوان داس کے لئے ایوان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے۔ اس کے بعد ایوان میں رانا بھگوان داس کے لئے اظہار تعزیت کے طور پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ڈپٹی سپیکر کے کہنے پر مولانا جمال الدین نے ایم کیو ایم کے مقتول وکیل علی حسن بخاری کے ایصال ثواب کے لئے دعا کرائی قومی ا سمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا