سینیٹ کی فنانس کمیٹی کا ہم اجلاس،

سینیٹ کارروائی اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس عوام تک براہ راست نشر کرنے کیلئے ایف ایم ریڈیو اور ویب کاسٹنگ کے اہم منصوبوں کی منظوری

بدھ 4 مارچ 2015 22:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) سینیٹ کی فنانس کمیٹی نے ایک اہم اجلاس میں سینیٹ کی کارروائی اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس عوام تک براہ راست نشر کرنے کیلئے ایف ایم ریڈیو اور ویب کاسٹنگ کے اہم منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے عوام اور پارلیمنٹ کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اراکین نے کہا کہ دنیا بھر میں پارلیمانوں نے عوام اور نمائندوں کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور فائدہ اُٹھایا ہے اور اُن کی نشریات براہ راست عوام تک پہنچ رہی ہیں ۔

اراکین نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت کے استحکام کیلئے یہ ایک احسن اقدام ہے یاد رہے کہ ایف ایم ریڈیو اور ویب کاسٹنگ کی تجویز حال ہی میں سینیٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ نے دی تھی جسے چیئرمین سینیٹ نے اصولی طور پر منظور کر کے فنانس کمیٹی کے حوالے کیا تھا تاکہ اس پر جلد عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے اور اس سلسلے میں فنڈز کی منظوری بھی دی جاسکے ۔

(جاری ہے)

آج کے اس اہم اجلاس میں سینیٹ فورم برائے پالیسی ریسرچ کے تھنک ٹینک کی بھی باضابطہ طور پر منظوری دی گئی اور اس سلسلے میں مالی وسائل اور افرادی قوت کی منظوری دے دی گئی ۔اجلاس میں اراکین کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اُن کے دور ِاقتدار میں ایسے اقدامات دیکھنے کو ملے جس سے مستقبل میں ملک میں پارلیمانی جمہوریت کے فروغ اور استحکام میں مددملے گی جبکہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی صدارت کے دوران کئے گئے اقدامات اور ایشیائی پارلیمنٹ کے قیام کا تصور بھی انہوں نے کامیابی سے پیش کیا جسے تمام رکن ممالک نے سراہا اور اس کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر دنیا کو ایک اچھا پیغام دیا جس سے پاکستان کا مثبت تشخص اُجا گرہوا ۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر مشاہد حسین سید کو بطور چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی اور سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک کی کاوشوں کو بھی سراہا جن کی انتھک محنت کی بدولت اے پی اے لاہور کا کامیابی سے انعقاد عمل میں لایا گیا ۔کمیٹی نے آج کے اجلاس میں سینیٹ ایمپلائز ویلفیئر فنڈ کے تحت سینیٹ کے ملازمین کو دی جانے والی امدادی رقم 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دی جبکہ دیگر دوسرے اخراجات کی بھی منظوری دی ۔

آج کے اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ صابر علی بلوچ ، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن کے علاوہ سینیٹرز حاجی محمد عدیل ، سید طاہر حسین مشہدی ، مشاہد حسین سید ، اور سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک بھی موجود تھے جبکہ وزارت خزانہ اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :