اسلام نے عورتوں کو جو حقوق دیئے ہیں وہ کوئی اور نہیں دے سکا، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی،

۔ 6 مارچ سے 13 مارچ تک ”بیٹی رحمت ہے زحمت نہیں“ کے عنوان سے ملک بھر میں سیمینارز ، کانفرنسیں اور اجتماعات ہوں گے

بدھ 4 مارچ 2015 21:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔4مارچ۔2015ء)اسلام نے عورتوں کو جو حقوق دیئے ہیں وہ کوئی اور نہیں دے سکا۔ 6 مارچ سے 13 مارچ تک ”بیٹی رحمت ہے زحمت نہیں“ کے عنوان سے ملک بھر میں سیمینارز ، کانفرنسیں اور اجتماعات ہوں گے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے طالبات کے مدرسہ خدیجة الکبریٰ کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر مولانا زاہد محمود قاسمی ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا محمد مشتاق لاہوری ، مولانا حافظ محمد امجد ، مولانا اسلام الدین ، مولانا محمد اسلم اور مولانا شفیع قاسمی نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عورتوں کے حقوق کا تحفظ کرنا معاشرہ اور حکومت کی ذمہ داری ہے ، عورتوں کو وراثت اور تعلیم سے محروم رکھنے کی کوشش کرنے والے قرآن و سنت کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج جہیز جیسی لعنت کی وجہ سے لاکھوں بچیاں گھروں میں بیٹھی ہیں ۔ اسی طرح شادی بیاہ کی رسومات کو اتنا مہنگا کر دیا گیا ہے کہ ایک بیٹی کی شادی کرنے والا کئی سال تک قرض کے بوجھ تلے دبا رہتا ہے ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اور علم و امن فاؤنڈیشن خواتین کے حقوق اور بچیوں کی تعلیم کے سلسلہ میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے اور بہت جلد طالبات کے مدارس کی اساتذہ کے لیے تربیتی نشستوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کا معاملہ ہو یا تین طلاقوں کا ، خواتین کے حقوق پر اسلامی نظریاتی کونسل میں پہلے بھی بھر پور کردار ادا کیا ہے اور اب مولانا زاہد محمود قاسمی کی شمولیت سے مزید بھر پور کردار ادا کیا جائے گا۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ امہات المومنین  ، صحابیات ، سیدہ فاطمة الزہراہ آج کی ماں بیٹی ، بہن ، بیوی کے لیے مشعل راہ ہیں۔ رسول اکرم نے امہات المومنین  اور صحابیات کو خود تعلیم کے حاصل کرنے کا حکم دیا لہذا بچیوں کو تعلیم سے محروم کرنا احکامات مصطفی کی خلاف ورزی ہے ۔