معذور افراد بھی معاشرے کا حصہ ہیں ،ڈاکٹر فوزیہ،

آئینی اور قانونی حقوق کی پاسداری پورے معاشرے کا مشترکہ فریضہ ہے،رہنما عافیہ موومنٹ

بدھ 4 مارچ 2015 21:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔4مارچ۔2015ء) عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ نے کہا ہے کہ معذور افراد بھی معاشرے کا حصہ ہیں جن کے آئینی اور قانونی حقوق کی پاسداری پورے معاشرے کا مشترکہ فریضہ ہے۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر معذورافراد کے احتجاجی مظاہرے میں شریک ہو کر ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹرفوزیہ نے کہا کہ ڈاکٹر ہونے کی حیثیت سے وہ ان کے مسائل کا مکمل ادراک رکھتی ہیں۔

معذور افراد کے تمام مطالبات آئین و قانون کے عین مطابق ہیں اسلئے حکومت ان لوگوں سے کئے گئے تمام وعدے فی الفور پورے کرے اور بیت المال سے نہ صرف وظیفہ مقرر کیا جائے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی کرپشن نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہا کہ معذور افراد کیلئے مختص سرکاری کوٹے کے مطابق انہیں نوکریاں فراہم کی جائیں اور آبادی میں تناسب کے مطابق اس کوٹے میں مزید اضافہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ معذور افراد کو معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کیلئے انہیں زیادہ سے زیادہ تعلیم اور ہنر کے مواقع فراہم کرنا بھی تمام شہری، چاروں صوبائی اور وفاقی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے ۔ اس طرح انہیں کارآمدانسان بنا کر بے روزگاری کی شرح کو بھی کم کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر معذور افراد کے نمائندے ناصر بھائی نے ڈاکٹر فوزیہ کی جانب سے اظہار یکجہتی اور حمایت کرنے پر عافیہ موومنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کی والدہ اور بیٹی سے کیا گیا وعدہ پورہ کرتے ہوئے حکومت قوم کی بیٹی کو وطن واپس لانے کیلئے فوری اقدامات کرے تاکہ عافیہ صدیقی کے ساتھ گذشتہ بارہ سال سے ہونے والی ناانصافی کا خاتمہ اور زیادتیوں کا ازالہ ہو سکے۔