حکومت نے سعودی عرب میں 9 لاکھ پاکستانیوں کے اکامے کے مسائل کو حل کرایا ، قواعد کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیلئے کچھ نہیں کر سکتے،سرتاج عزیز

اسلام آباد میں کینسر کا الگ ہسپتال تعمیر کیا جائے گا،سارہ افضل تارڑ، حکومت این ایچ اے کو ہدایت دیگی کہ وزن کانٹے شاہراہ کے شروع میں ہی لگائے جانے چاہئیں، شیخ آفتاب احمد کا سینیٹ میں وقفہ سوالات میں جواب

بدھ 4 مارچ 2015 20:39

حکومت نے سعودی عرب میں 9 لاکھ پاکستانیوں کے اکامے کے مسائل کو حل کرایا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) سینیٹ کو بتایا گیا کہ حکومت نے سعودی عرب میں 9 لاکھ پاکستانیوں کے اکامے کے مسائل کو حل کرایا ، قواعد کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیلئے کچھ نہیں کر سکتے، اسلام آباد میں کینسر کا الگ ہسپتال تعمیر کیا جائے گا،حکومت این ایچ اے کو ہدایت دیگی کہ وزن کانٹے شاہراہ کے شروع میں ہی لگائے جانے چاہئیں۔

بدھ کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کی صدارت میں ہوا اجلاس میں وقفہ سوالات میں جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو ادائیگی کرکے رہائی دلائی جاتی ہے‘ حکومت کے پاس ان کی قانونی امداد کے لئے فنڈز نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

البتہ ان کے عزیز و اقارب کی رہنمائی کرتے ہیں‘ کسی ملک کے قانون میں مداخلت نہیں کر سکتے۔

2010-12ء میں 112 پاکستانیوں کو مختلف سزائیں سنائی گئیں جن میں سزائے موت بھی شامل تھی۔ ہم نے کوشش کرکے سعودی عرب میں 9 لاکھ پاکستانیوں کے اقامہ کے مسئلے کو حل کرایا ہے جو لوگ قواعد کی بالکل خلاف ورزی کرتے ہیں ان کے لئے ہم کچھ نہیں کر سکتے۔وقفہ سوالات میں وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں اور اٹامک انرجی کے سنٹرز میں کینسر کے مریضوں کا علاج ہو رہا ہے۔

اسلام آباد میں کینسر کا الگ ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بحرین کے تعاون سے بننے والے ہسپتال میں بھی کینسر سنٹر بنایا جائے گا۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر خواتین میں اور مردوں میں پراسٹریٹ کینسر کی شرح بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اٹھارہ سے 22 سال کی عمر کے جوانوں میں کینسر تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کراچی میں منہ کا کینسر سب سے زیادہ ہے جس کی وجہ پان اور بیڑی کا بکثرت استعمال ہے۔

اس کے علاوہ گلے اور پھیپھڑوں کے کینسر کی وجہ بھی تمباکو نوشی ہے۔ وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت بلیغ الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ 2014ء میں پہلی بار ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا نصاب تیار کیا ہے۔ ایچ ای سی کی طے کردہ شرائط پر پورا اترنے والی یونیورسٹیوں کو یہ نصاب پڑھانے کی اجازت ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ بہت اہم مضمون ہے لیکن ایچ ای سی یونیورسٹیوں کو کوئی خاص مضمون پڑھانے کے لئے پابند نہیں کرتی۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر اوور لوڈنگ کی وجہ سے حادثات کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔ موٹروے پولیس نے اس کا نوٹس لیا ہے جس کی وجہ سے حادثات کی شرح نصف رہ گئی ہے۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ جو ٹرک یا گاڑیاں کراچی پہنچتی ہیں وہاں ان کا وزن کانٹوں کے ذریعے کیا جاتا ہے تاہم انہوں نے سینیٹر شاہی سید سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وزن کانٹے شاہراہ کے شروع میں ہی لگائے جانے چاہئیں۔ ہم این ایچ اے کو اس حوالے سے ہدایت کریں گے۔