مخصوص ٹولہ عوام میں بددلی اور بے چینی پھیلانے کی مذموم سازش سے باز رہے ،ملک مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکتا ،ارکان قومی اسمبلی پیپلزپارٹی

بدھ 4 مارچ 2015 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اراکین قومی اسمبلی نفیسہ شاہ، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور ثریا جتوئی نے سندھ میں گورنر راج اور ملک میں مارشل لا کے نفاذ سے متعلق ایک مخصوص ذہنیت کے ٹولے کی بالخصوص جنرل (ر) حمید گل کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخصوص ٹولہ عوام میں بددلی اور بے چینی پھیلانے کی مذموم سازش سے باز رہے کیونکہ ملک مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکتا اور نہ ہی سندھ کے جمہوریت پسند عوام منتخب جمہوری حکومت کو چلتا کر کے گورنر راج کوبرداشت کرینگے اس طرح کی افواہیں پھیلانا پاک فوج کو بھی بدنام کرنے کی کوشش ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں پے در پے مارشل لا نافذ کئے جانے کی وجہ سے ملک تباہی کے جس دہانے پر پہنچ گیا ہے اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے ملک کی سیاسی و جمہوری جماعتیں بھرپور کوشش کررہی ہیں مگر مخصوص لابی کو عوام کی حکمرانی قبول نہیں جس کے لئے حکومتوں کی ناکامی کا رونا رو کر عوام کے منتخب حکمرانوں کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ کئی مارشل لا ؤں پر اس سازشی لابی کو ملک میں سب اچھا دکھائی دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضیا الحق کے مارشل لا میں قوم کو کلاشنکوف، منشیات اور طالبان دہشت گردوں کے تحفے ملے تو مشرف کے مارشل لا میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مارشل لا لگا تو ملک کا شیرازہ بکھر جائے گا لہذا سازشی ٹولہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ملک و قوم کی تقدیر کا سودا کرنے سے باز رہے۔