غیرمعیاری ہوٹلوں اورریسٹورانٹ کے خلاف مہم جاری رہے گی،کمشنر کراچی ٹاسک فورس

بدھ 4 مارچ 2015 20:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) پورے ملک میں غیرمعیاری اورملاوٹ شدہ اشیا اورغیررجسٹرڈ آئٹم بیچنے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔ خوانچے والے سے لے کر فائیو اسٹارہوٹل میں ایک ہی قسم کا تیل استعمال ہورہا ہے۔ کھانے پکانے کا تیل کئی دن تک تبدیل نہیں کیا جاتا۔ کچن میں کام کرنے والوں کے پاس ڈاکٹرز کا پاس کیا ہوا صحت کا سر ٹیفکیٹ موجود نہیں ہے ۔

یہ بات کوکب اقبال ممبر ٹاسک فورس کمشنر کراچی نے محمد علی سوسائٹی کراچی میں انٹرنیشنل فوڈ چین اور ملکی ریسٹورانٹ کے کچن کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرایڈیشنل کمشنر IIحاجی احمد PSQCA کے ڈپٹی ڈائریکٹر واحد،علاقہ مجسٹریٹ غلام قادر ناریجو، فوٹوانسپکٹرزاورممبر ایڈوائنری کونسل ریاض الدین عباسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین وصدر پاکستان کنزیومرفیڈریشن کوکب اقبال نے بتایا کہ کمشنر کراچی کی ہدایت پر ٹاسک فورس کراچی کے ہر علاقے میں قائم ریسٹورانٹ،ہوٹلوں اورپکوان سینٹرز کے کچن اور کھانے بنانے میں استعمال ہونے والے گھی،تیل، مسالے جات، کیچپ اور دیگر اشیا کے سیمپل حاصل کررہی ہے۔

ایسے تمام ریسٹورانٹ جو غیر معیاری کھانے تیار کررہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ ممبر ٹاسک فورس کمشنر کراچی کوکب اقبال نے کہا کہ فاسٹ فوڈ، مٹھائی کی دکانیں،بیکریاں اور روٹی کے تندور سمیت بسکٹ ،ٹافیاں ،ڈبل روٹی تیار کرنے والے انڈسٹری کو بھی چیک کیا جائے۔کوکب اقبال نے کہا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

صارفین کی صحت اور جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔کوکب اقبال نے کہا کہ شہر میں فٹ پاتھ اورنالوں پرغیرمعیاری کھانے بیچنے والوں کی بھرمار ہے۔پکوڑے والے سے لے کر ہرفوڈ آئٹم بیچنے والا کسی مشہور برانڈ کا اچھا تیل یا گھی استعمال نہیں کررہا جس کی وجہ سے ہوٹلوں اور ریسٹورانٹ اورفٹ پاتھ پر بکنے والے سے کھانا لے کر کھانے والے صارفین میں سے اکثر دل کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔

ممبرٹاسک فورس کمشنر کراچی کوکب اقبال نے کہا کہ اکثر ریسٹورانٹ کے کچن کے ساتھ ہی واش روم قائم ہیں جو انتہائی گندے اورناقص حالت میں ہیں۔ فٹ پاتھ پر قائم ٹھیلوں پر کھانے بیچنے والے ایک بالٹی پانی میں صبح سے شام تک برتن دھوتے ہیں جو حفظانِ صحت کے اصولوں کے خلاف ہے۔ جس کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے۔

کوکب اقبال نے کہا کہ گزشتہ دس پندرہ سالوں میں ریسٹورانٹ اورہوٹلوں میں کھانے کا رواج بڑھتا جارہا ہے۔صارفین گھر میں کھانے کے بجائے باہر کھانے کو ترجیح دیتے ہیں مگر انھیں نہیں معلوم کہ وہ کھانے کے نام پر غیر معیاری تیل اورگھی میں پکے ہوئے کھانے کھارہے ہیں جس سے ان کی اور ان کے خاندان کی صحت متاثر ہورہی ہے۔ ممبر ٹاسک فورس کمشنر کراچی کوکب اقبال نے مزید کہا کہ غیر معیاری ہوٹلوں اور ریسٹورانٹ کے خلاف مہم جاری رہے گی۔

انٹرنیشنل فوڈ چین سمیت ملکی ریسٹورانٹ کے کچن چیک کیے جارہے ہیں ۔صارفین کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی ۔انھوں نے کہا کہ 15مارچ بروز اتوار صارفین کے عالمی دن کے موقع پر صارفین کی آگہی واک کنزیومرایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد کی جارہی ہے۔ جس میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اورڈائریکٹرجنرل برکت سعید میمن PSQCA شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :