وفاقی وزیر داخلہ سے لاہور ہائی کورٹ بار راولپنڈی بینچ کے نومنتخب عہدیداران کی ملاقات ،

امید ہے نو منتخب باڈی وکلاء برادری کے اعتماد پر پورا اترے گی ، وکلاء جذبے اور لگن سے جمہوریت کے استحکام اور عدل و انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھیں گے وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی ،چوہدری نثار

بدھ 4 مارچ 2015 20:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے راولپنڈی بینچ کی نومنتخب باڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ امید ہے نو منتخب باڈی وکلاء برادری کے اعتماد پر پورا اترے گی  امید ہے وکلاء جذبے اور لگن سے جمہوریت کے استحکام اور عدل و انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھیں گے وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی ۔

بدھ کو یہاں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے راولپنڈی بینچ کی نومنتخب باڈی نے اپنے صدر شیخ محمد سلیمان اور جنرل سیکریٹری محمد فیصل بٹ کی قیادت میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

وزیرِ داخلہ نے نو منتخب اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب وکلاء برادری کی طرف سے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے اور امید ظاہر کی کہ نو منتخب باڈی وکلاء برادری کے اعتماد پر پورا اترے گی۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ وکلاء برادری ملک میں جمہوریت کا ہراول دستہ ہیں اور عدل و انصاف، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی بقاء اور استحکام کے سلسلے میں ان کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں قائم جمہوریت میں وکلاء نے نہایت اہم کردار ادا کیا ہے اوراس ضمن میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وکلاء اسی جذبے اور لگن سے جمہوریت کے استحکام اور عدل و انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

شیخ محمد سلیمان نے اپنے وفد کی ترجمانی کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور امن و امان کے سلسلے میں موجودہ جمہوری حکومت اور بالخصوص وزیرِ داخلہ کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ مجموعی صورتحال، لاء اینڈ آرڈراور خصوصاً دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وفد نے وزیرِ داخلہ کو بار کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت جمہوریت کے فروغ و استحکام اورعدل و انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں وکلاء کے کردار کو نہایت اہم تصور کرتی ہے اوروکلاء برادری کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی ۔