رینجرز اور پولیس گشت کے باوجود اسلام آباد میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ

بدھ 4 مارچ 2015 17:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام اباد میں رینجرز اور پولیس گشت کے باوجود شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے خصوصاً ایف ٹین‘ ایف الیون‘ جی ٹین اور جی الیون سیکٹر زیادہ متاثر ہیں۔ ایک انگریزی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے مشترکہ گشت کے باوجود ڈاکوؤں کی سرگرمیوں میں کمی دیکھنے میں نہیں آرہی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانچ سے سات رکنی ڈاکوؤں کا گروہ زبردستی ایف ٹین‘ ایف الیون‘ جی ٹین اور جی الیون کے گھروں میں گھستا ہے اور گن پوائنٹ پر فیملیز کو یرغمال بناکر اور سامان لوٹ کر منظر سے غائب ہوجاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکو کافی منظم اور خطرناک ہتھیاروں سے لیس ہوتے ہیں اور واردات کے بعد کافی عرصے کے بعد پھر سامنے آجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کی کل آبادی 20 لاکھ ہے اور پھر بھی وفاقی پولیس ڈکیتی کی وارداتوں کو روکنے میں ناکامی سے دوچار ہے۔ ان سیکٹرز کے باسیوں کو خوف اور عدم سکیورٹی نے گھیر رکھا ہے۔ رابطہ کرنے پر اے آئی جی آپریشن سلطان اعظم تیموری نے کہاکہ سٹریٹ کرائمز میں ملوث کئی گینگ گرفتار کئے جاچکے ہیں اور پولیس اسلام آباد کو کرائم فری بنانے کیلئے پرعزم ہے اور ہفتوں میں نتائج آنا شروع ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :