Live Updates

وفاقی حکومت نے سینٹ انتخابات کی شفافیت کیلئے یقین دہانی کے باوجود ضروری آئینی ترمیم لانے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی‘ تحریک انصاف وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کیخلاف بھرپور آواز بلند کرکے کھلی رائے شماری کا مطالبہ کیا‘سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ سے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی ہر کاؤش کی بھرپور مزاحمت کرینگے‘ ملک میں صاف شفاف انتخابات کیلئے پر عزم جدوجہد جاری رہے گی

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا بیان

بدھ 4 مارچ 2015 16:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی ہر کاؤش کی بھرپور مزاحمت اور ملک میں صاف شفاف انتخابات کیلئے پر عزم جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے سینٹ انتخابات کے دوران ہارس ٹریڈنگ کے خلاف بھرپور آواز بلند کی اور کھلی رائے شماری کا مطالبہ کیا۔

تاہم گذشتہ کئی روز کی سیاسی پیش رفت یہ واضح کرتی ہے کہ وفاقی حکومت نے کھلی رائے شماری کے ذریعے سینٹ انتخابات کے انعقاد کی یقین دہانی کے باوجود انتخابات سے قبل اس کیلئے آئین میں ضروری ترمیم لانے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلی رائے شماری کے مطالبے نے پیپلز پارٹی اور جمعیت علماء اسلام جو کہ غیر جمہوری طریقے سے وفاداریاں خرید کر سینٹ تک رسائی چاہتے ہیں اور ہارس ٹریڈنگ جیسے غیر قانونی غیر اخلاقی دھندے میں ملوث ہیں کو بری طرح قوم کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔

ان کے مطابق جمعیت علماء اسلام اور پیپلز پارٹی کی جانب سے کھلی رائے شماری کے حق میں لائی جانے والی 22ویں آئینی ترمیم کی مخالفت غیر جمہوری ہتھکنڈوں میں دونوں جماعتوں کی دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے، تحریک انصاف کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ آئیں پاکستان کے تحت تمام صوبوں کیلئے یکساں نمائندگی کے اصول کا تحفظ اور رائے دھندگان کی جانب سے اراکین پارلیمان کو فراہم کی گئی مینڈیٹ کی حفاظت کی ذمہ داری تمام منتخب عوامی نمائندوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تحریک انصاف ملک میں صاف، شفاف انتخابات کے حوالے سے پرعزم ہے اور غیر جمہوری حربوں کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر نقب زنی کی ہر کوشش کی مزاحمت کریگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات