پیسوں کے زور پر سینیٹ انتخابات لڑنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا ہو گا، بریف کیس والے کسی کی نمائندگی نہیں کرتے، بلوچستان کی عوام کو احساس محرومی سے نکال کر ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے‘ سعد رفیق

بدھ 4 مارچ 2015 16:39

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پیسوں کے زور پر سینیٹ انتخابات لڑنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا ہو گا، بریف کیس والے کسی کی نمائندگی نہیں کرتے، بلوچستان کی عوام کو احساس محرومی سے نکال کر ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونے چاہیئیں، بلوچستان کے لوگوں کو لے کر چلنا ہے تو انہیں فرسٹ سٹی زن کی حیثیت دینا ہو گی۔

وہ بدھ کو کوئٹہ میں میڈیا سے مشترکہ گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دعا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں بی این پی مینگل کے امیدوار کامیاب ہوں، پیسوں کے زور پر سینیٹ الیکشن لڑنے والوں کو ناکامی ہو گی، بریف کیس والے کسی کی نمائندگی نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کو نظر انداز کیا گیا، موجودہ حکومت بلوچستان کے عوام کو احساس محرومی سے نکال کر ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، بلوچستان کی موثر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے رکھیں گے، ہماری خواہش ہے کہ سینیٹ میں سب کو جگہ ملے، ہم بلوچستان میں بندوق کی جگہ تعلیم کو فروغ پاتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، بلوچستان کے لوگوں کو لے کر چلنا ہے تو انہیں فرسٹ سٹی زن کی حیثیت دینا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :