توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے ایل این جی پاور پلانٹ درست سمت قد م ہے، سنجیدہ کوششیں ضرور رنگ لائیں گی ‘ ظہیر بھٹہ

بدھ 4 مارچ 2015 13:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے شیخوپورہ کے نزدیک ایل این جی پاور پلانٹ لگانے کو درست سمت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے سنجیدہ کوششیں ضرور رنگ لائیں گی ،شیخوپورہ کے نزدیک ایل این جی پلانٹ سے حاصل کردہ ایک ہزار میگا واٹ بجلی توانائی بحران حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی ۔

توانائی بحران کے خاتمہ سے صنعتیں ترقی کرینگی اور حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن بھی مکمل ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ظہیر بھٹہ نے کہا کہ ملک کی تیز رفتار ترقی کیلئے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے شروع کیئے گئے تمام پراجیکٹ برق رفتاری سے مکمل کیے جائیں اور ان کی تکمیل کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے دیگر ترقیاتی کاموں کی تکمیل کی طرح باقاعدہ طور پر ٹائم فریم مقرر کیا جائے ۔

تاکہ یہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہوں اور صنعتوں کو مسلسل بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے ۔صنعتیں ترقی کریں گی تو ملک ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا اور حکومت کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کا بھی خاتمہ ہوگا۔