پاکستان اور سعودی عرب میں برادرانہ تعلقات ہیں‘ دونوں ممالک مشترکہ اقدار‘ مذہب کے رشتے سے جڑے ہیں‘ ہر پاکستانی کے دل میں سعودی فرماں رواں کا احترام ہے گزرتے وقت کے ساتھ پاک سعودی تعلقات مضبوط ہورہے ہیں

وزیراعظم نواز شریف کا تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانگی سے قبل بیان

بدھ 4 مارچ 2015 13:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں برادرانہ تعلقات ہیں‘ دونوں ممالک مشترکہ اقدار‘ مذہب کے رشتے سے جڑے ہیں‘ ہر پاکستانی کے دل میں سعودی فرماں رواں کا خاص احترام ہے گزرتے وقت کے ساتھ پاک سعودی تعلقات مضبوط ہورہے ہیں۔ بدھ کو وزیراعظم نواز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم نواز شریف کو دورے کی دعوت سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے دی تھی وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب میں روضہ رسول پر حاضری ‘ عمرے کی ادائیگی اور سعودی فرمانروا سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم نواز شیف کے ہمراہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف‘ عرفان صدیقی اور طارق فاطمی پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی سعودی عرب روانہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب روانگی سے قبل اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ اقدار اور مذہب کے رشتے سے جڑے ہیں دونوں ممالک میں برادرانہ تعلقات ہیں گزرتے وقت کے ساتھ پاک سعودی تعلقات مضبوط ہورہے ہیں ہر پاکستانی کے دل میں سعودی فرمانروا کا خاص احترام ہے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات بھی کریں گے۔