پاکستان میں رہنے والی تمام برادریاں مساوی حقوق اور مراعات کی مستحق ہیں، وزیر اعظم نواز شریف کاہولی کے تہوار پر پیغام

بدھ 4 مارچ 2015 11:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہپاکستان میں رہنے والی تمام برادریاں مساوی حقوق اور مراعات کی مستحق ہیں، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کا ہمیشہ بنیادی اصول رہا ہے،ہماری پالیسیاں تمام عقائدکے ماننے والوں کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کی حامل ہیں، ہولی کے پُرمسرت موقع پر ہندو برادری کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں،ہندو برادری کا یہ رنگا رنگ تہوار زندگی کے جوش و جذبے کی علامت ہے ،ہولی کا قابلِ دید میلہ تمام طبقوں ، عقائد اور مختلف رسم و رواج رکھنے والے لوگوں کے درمیان بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات پیدا کرتا ہے،پاکستان کے کثیر ا لثقافتی معاشرے میں ہولی کے رنگ زندگی سے بھرپور قابلِ قدر اظہار کی مثال ہیں ۔

(جاری ہے)

ہولی اچھائی کے جذبے کی برائی کی قوتوں پر برتری کی عکاس ہے ۔ ہولی کے تہوار پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سماجی اور ثقافتی ڈھانچے میں اس خطے میں آباد ثقافتوں ، روایات اور مذاہب کے حامل لوگوں کے اثرات نمایاں ہیں۔ یہ تنوع نہایت اہمیت کا حامل ہے جو اس خطے اور دیگر دُنیا کے ساتھ ہمارے تعلقات کی مضبوطی کا باعث ہے۔مجھے یقین ہے کہ ہولی کا تہوار ہماری ہندو برادری کو دیگر عقائد کی پیروی کرنے والوں کے ساتھ مل جُل کر رہنے اور معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی فکر کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

پاکستان کو کامیاب ملک بنانے کے لیے ہندو برادری کا کردار قابلِ قدر ہے ۔ پاکستان میں رہنے والی تمام برادریاں مساوی حقوق اور مراعات کی مستحق ہیں۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کا ہمیشہ بنیادی اصول رہا ہے ۔ہماری پالیسیاں تمام عقائدکے ماننے والوں کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کی حامل ہیں۔مجھے یقین ہے کہ ہندو برادری پاکستان کی خوشحالی ، ترقی اور یہاں امن کے قیام کے لیے پوری لگن کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔

متعلقہ عنوان :