کوہاٹ کچہری میں مسلح افراد کی فائرنگ سے قیدی ہلاک، پولیس اہلکار زخمی ،ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار

منگل 3 مارچ 2015 22:47

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) کوہاٹ کچہری میں زیر حراست خطرناک قیدی کو مخالف نے فائرنگ کر کے قتل کردیاجبکہ فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔پولیس نے قاتل کو موقع پرآلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملزم سید رحیم ولد محمدامان ساکن شادی خیل نے پولیس حراست میں پیشی کیلئے عدالت لائے گئے قتل کے متعدد مقدمات میں نامزد قیدی تاشفین ولد جہانزیب پر کچہری کے احاطے میں پستول سے اچانک فائر کھول دیا جسکے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا جو ہسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاکر راستے میں دم توڑ گیا۔

ملزم کی فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل محمد ارشد ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔جبکہ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے واردات کے بعد فرار ہونے کی کوشش کے دوران ملزم سید رحیم کو آلہ قتل تیس بور پستول اور کارتوس سمیت گرفتار کر لیا اور اسکے خلاف تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کر لیا۔واضح رہے کہ مقتول تاشفین ملزم کے4 بھائیوں کا قاتل اور سال 2007کے دورا ن پولیس کانسٹیبل حسن محمود کے قتل کیس میں بھی نامزد ملزم تھااور متعدد پولیس مقابلوں کے بعد گرفتار کیا گیاتھا۔