نوجوانوں کو جرائم سے دور رکھنے کیلئے لیاری میں اسپورٹس سرگرمیوں کی سرپرستی کی جائے: عابد بلوچ

منگل 3 مارچ 2015 19:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) پاسبان کراچی کے سینئر نائب صدر عابد بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جرائم سے دور رکھنے کیلئے حکومت لیاری میں اسپورٹس سرگرمیوں کی سرپرستی کرے۔ لیاری کے عام افراد اس وقت پولیس اور رینجرز سے انتہائی خوفزدہ ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کے دوران پولیس اور رینجرز کا رویہ لیاری کے عام لوگوں کے ساتھ بھی مجرموں جیسا ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج صبح لیاری کے علاقے بغدادی میں کمسن بچے روڈ پر کرکٹ کھیل رہے تھے جس پر وہاں سے گزرنے والی ایک پولیس بکتر بند گاڑی نے وقاص اور رمیز نامی نوجوانوں کو گرفتار کرکے بغدادی تھانے پہنچا دیا۔ جس پر پاسبان ہیلپ لائن کے توسط سے تھانے کے ایس ایچ او راؤ بشیر سے رابطہ کرکے انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیاگیا اور عابد بلوچ نے پاسبان لیاری کے ذمہ داروں تحسین بلوچ اور فضل بلوچ کے ہمراہ بغدادی تھانے جا کر ایس ایچ او راؤ بشیر سے ملاقات بھی کی جس پر ایس ایچ او کے حکم پر دونوں بے گناہ نوجوانوں کو فوری طور پر رہا کردیا گیا۔

(جاری ہے)

عابد بلوچ نے بے گناہ نوجوانوں کی رہائی پر راؤ بشیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر لیاری کے نوجوان کھیلوں جیسی صحتمند سرگرمیوں میں مصروف ہوں تو انہیں خوفزدہ کرنے کی بجائے ان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیئے تاکہ نوجوانوں کو جرائم سے دور رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سڑک پر کھیلنے کی وجہ سے سیکوریٹی اہلکاروں کو اپنے فرائض ادا کرنے میں کوئی مشکل پیش آتی ہے تو اس کے تدارک کیلئے گرفتاریوں کی بجائے علاقہ معززین کے ذریعے اس مشکل کا حل نکالنا چاہیئے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد بحال اور لیاری کو ایک مرتبہ پھر امن کا گہوارہ بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :