عافیہ کو امریکی قید سے رہا نہ کراکے حکومت اور ادارے عوام کی توہین کررہے ہیں، یونس بارائی

منگل 3 مارچ 2015 17:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) قوم کی بیٹی اور ناموس وطن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے 43ویں یوم پیدائش اور امریکی جیل میں12 ویں سالگرہ کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر سول سوسائٹی کے ارکان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کوحکمرانوں کی جانب سے وطن واپس لانے میں تغافل برتنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں جماعت اسلامی کے سابق رکن سندھ اسمبلی اورڈاکٹر عافیہ رہائی کمیٹی کے کنوینر یونس بارائی نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی قوم کا متفقہ مطالبہ ہے جس کا اظہار گزشتہ مہینے مزار قائد پر8فروری کو منعقد ہونے والے قومی جرگہ میں ایک مرتبہ پھر کیا جاچکا ہے۔قوم کی بیٹی عافیہ کو امریکی قید سے رہا نہ کراکے حکومت اور ادارے عوام کی توہین کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسا محسوس ہوتاہے کہ امریکہ تو ذلت کی وجہ سے ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرنا چاہتا ہے لیکن رکاوٹ پاکستان کے اندر سے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں نے پاکستانی شہریوں کا وقار مجروح کیا ہے ۔ ماہرتعلیم ڈاکٹر عافیہ پاکستان کی ایک بے گناہ پاکستانی شہری ہے جس کو اغواء کرکے امریکہ لے جایاگیا اور امریکی عدالتی کاروائی کے دوران دفاع کے قانونی حق سے محروم رکھ کراپنوں کے اشارے پر ۸۶ سال کی سزا دی گئی ۔انہوں نے سوال کیا کہ جب ڈاکٹر عافیہ کو سابقہ اور موجودہ حکمران قوم کی بیٹی تسلیم کرچکے ہیں تو اسے وطن واپس میں کیوں تغافل برتا جارہا ہے؟ یونس بارائی نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف عافیہ کی رہائی سے متعلق قوم سے کئے ہوئے وعدے کی پاسداری کریں۔