اوور سیز پاکستانی کمیشن پنجاب نے7روز میں34اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ کیا،افضال بھٹی

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے ،کمشنر اوور سیزکمیشن پنجاب

منگل 3 مارچ 2015 16:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) حکومت پنجاب نے اوور سیز پاکستانیوں کو پنجاب کے مختلف اداروں میں سہولتیں فراہم کرنے اور ان کو در پیش مسائل کے فوری حل کے لئے اوور سیز پاکستانی کمیشن پنجاب تشکیل دیا ہے جس نے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا ہے-اوور سیز پاکستانی کمیشن پنجاب نے ایک ہفتہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کمیشن کو 34شکایات درج کروائیں جن پر فوری ایکشن لیتے ہوئے قبل از وقت حل کیا گیا ہے -یہ بات کمشنر اوور سیز پاکستانی کمیشن افضال بھٹی نے میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتائی-ا س موقع پر ڈائریکٹر پولیس کپیٹن (ر) مبین بھی موجود تھے-کمشنر اوور سیز نے دوران بریفنگ بتایا کہ بیرون ممالک میں محنت کر کے پاکستان کو کثیر زر مبادلہ فراہم کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو پنجاب کے مختلف سرکاری اداروں سے متعلقہ شکایات کے ازالے اور ان کے خلاف ہونیو الے غیر قانونی اقدامات کے سد باب،ان کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول فراہم کرنے کے لئے اوورسیز پاکستانی کمیشن نے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا ہے اور ایک ہفتہ کے دوران اوور سیز پنجاب کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے متعدد شکایات درج کروائی گئیں جن پر ایکشن لیتے ہوئے انہیں فوری حل کر کے متعلقہ شکایت کنندہ کو مطلع کیا گیا -افضال بھٹی نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے حکومت پنجاب نے ضلعی سطح پر بھی کمیٹیاں تشکیل دیں ہیں جن میں ڈی سی او ز اور ڈی پی اوزکے علاوہ عوامی نمائندے بھی ان کمیٹیوں کے ممبران ہو نگے جو اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کو مقامی سطح پر حل کریں گی یا براہ راست اوور سیز پاکستانی کمیشن پنجاب کو بھجوائیں گی-کمشنر اوورسیز نے مزید بتایا کہ پاکستان کے تمام سفارتخانوں میں فوکل پرسن مقرر کئے گئے ہیں جو بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی شکایات کو براہ راست اوور سیز کمیشن پنجاب کو ارسال کریں گے -کمشنر اوور سیز نے مزید کہا کہ شکایت موصول ہونے کے 48گھنٹے کے اندر اوور سیز کمیشن پنجاب متعلقہ شکایت کنندہ سے رابطہ کرتا ہے اور ایک ماہ کے قلیل عرصہ میں حل کر کے اطلاع فراہم کی جائے گی اوران کی شکایات کے ازالے میں بلا وجہ تاخیر کرنے والے افسران و اہلکاران کے خلاف کمیشن قانونی کارروائی عمل میں لائے گا ۔

متعلقہ عنوان :