جمہوریت کے دعویدار بلدیاتی نظام کو آمرانہ انداز میں نہ چلائیں ،مولانا محمد عون نقوی

منگل 3 مارچ 2015 16:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) ادارہ تبلیغ و تعلیمات اسلامی کے تحت سیمینار اسلام کے بنیادی حقوق کے عنوان سے گلشن اقبال میں مولانا محمد عون نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا ،جس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اسلام و واحد دین ہے جو خالق کی عبادت اور مخلوق کی خدمت کا درس دیتا ہے ،اسلام میں جمہوریت خدمت کا دوسرا نام ہے ،جمہور عوام کو کہا جاتا ہے لیکن پاکستان میں جمہور کو تباہ کرنے کا نام جمہوریت ہے ،یہاں جمہوریت کے دعویدار بلدیاتی نظام کو آمرانہ انداز میں چلا کر عوام کے بنیادی حقوق پامال کررہے ہیں ،کراچی سمیت پورا سندھ مسائل کا گڑھ بناہوا ہے ،مواصلاتی نظام ابتر ہے اندرون سندھ میں سڑکیں فائلوں میں بنتی ہیں اور فنڈز ایم پی ایز کے بینکوں میں جاتے ہیں اور جمہور پریشان ہے ،بلدیاتی الیکشن کا نا ہونا جمہوریت کے علمبرداروں کی حقیقت کو کھول دیتا ہے ،سیمینار سے علامہ غلام علی عارفی ،ڈاکٹر حیدر شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اسلام بنیادی حقوق کی ادائیگی پر زور دیتا ہے ،گلی کوچوں کے مسائل ،مہنگائی پر کنٹرول،صحت و صفائی کی ذمہ داریاں اور روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ،اراکین اسمبلی کا کام نالیاں صاف کروانا نہیں بلکہ پورے ملک کی بہتری کیلئے قانون سازی کرنا ہے،ان رہنماوٴں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کروا کر جمہوریت دوست ہونے کا ثبوت دیں۔