گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین جہانیاں میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے سیمیناراور واک کا انعقاد

منگل 3 مارچ 2015 14:24

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء)گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین جہانیاں میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے سیمیناراور واک کا انعقاد۔پوری دنیا میں 8مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ گورنمنٹ کالج برائے خواتین جہانیاں میں بھی اسی سلسلہ میں 3اور 4مارچ2015ء کو دو روزہ سیمینار کا آغاز کیا گیا۔جس کی صدارت سربراہ ادارہ مسز غلام جنت صاحبہ نے کی۔

اس تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جو کہ سیکنڈ ائیر کی طالبہ اقراء نے کی۔ نعت رسول مقبولﷺ پڑھنے کی سعادت سیکنڈ ائیر کی طالبہ نشرہ حسین نے حاصل کی ۔ نقابت کے فرائض صائمہ سندس فورتھ ائیر نے انجام دئیے اور خواتین کے عالمی دن منائے جانے کے حوالے سے مختصر تاریخ بہت دلچسپ انداز میں پیش کی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد فورتھ ائیر کی طالبہ آمنہ تمثیل نے انگریزی میں تقریر کی جس کا عنوان تھا Women role in the modren society۔

اس کے بعد فورتھ ائیر کی طالبہ اقراء راشد نے اردو میں اپنے خیالات کا اظہار کیا جس کا عنوان تھا "وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ" ۔ محترمہ مس صبیحہ عبد القدوس صاحبہ شعبہ اسلامیات نے اسلام میں عورت کے فرائض پر روشنی ڈالی۔پرنسپل کالج ہذا محترمہ مسز غلام جنت صاحبہ نے سیمینار کے شاندار انعقاد پر تمام سٹاف ممبران اور طالبات کی کاوشوں کو سراہااور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو اجا گر کریں اور معاشرے میں اپنا مزید فعال کردار ادا کریں، معاشرے کی بنیاد عورت کی وجہ سے ہے اس لئے اس بنیاد کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔ اس سیمینار میں تقریباً 16سٹاف ممبرز اور 200طالبات نے شرکت کی۔