وزیر اعظم سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی ملاقات‘ملکی سلامتی کی صورتحال‘ آپریشن ضرب عضب ، سرحدی معاملات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

منگل 3 مارچ 2015 13:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے ملاقات کر کے پیشہ وارانہ امور سمیت ملک کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں آپریشن ضرب عضب ، سرحدی معاملات سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کو ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور ، خطے کی صورتحال سمیت ملک کی مجموعی سلامتی و سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق آپریشن ضرب عضب، نیشنل ایکشن پلان، سرحدی معاملات بھی زیربحث آئے۔ ملاقات میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے باعث نقل مکانی کرنے والے آئی ڈی پیز کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ آئی ڈی پیز کی مشکلات کو کم کرنے اور جلد سے جلد ان کو ان کے آبائی علاقوں میں دوبارہ منتقل کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔