حضرو‘ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں خصوصی سیکیورٹی کیلئے محکمہ سول ڈیفنس اٹک نے ٹریننگ شروع کر دی

منگل 3 مارچ 2015 13:27

اٹک /حضرو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء)آرمی پبلک سکول پشاور پر حملے کے بعد ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں خصوصی سیکیورٹی کیلئے محکمہ سول ڈیفنس اٹک نے ٹریننگ شروع کر دی، ای ڈی او ایجوکیشن اٹک کی زیر نگرانی تحصیل حضرو ،تحصیل حسن ابدال سنٹر کے زیر اہتمام اپنی مدد آپ کے تحت ہنگامی حالات ، آگ پر قابو پانے ، فائر فائٹنگ اور دیگر ضروری اقدامات کی ٹریننگ ٹیچرز اور عملہ کو ٹریننگ دیدی گئی، تفصیلات کے مطابق پشاور سکول پر حملے کے بعد حکومت پنجاب کے اقدامات کے ساتھ ساتھ محکمہ سول ڈیفنس اٹک کے ڈسٹرکٹ آفیسر عقیل عالم خٹک اور چیف انسٹرکٹر ساجد منہاس نے ڈی سی او اٹک اور ای ڈی او ایجوکیشن اٹک کے اشتراک سے ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں کے عملہ کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ٹریننگ پروگرام شروع کیا ہے، اس مقصد کیلئے حضرو اور حسن ابدال کی تحصیلوں میں سنٹرز قائم کئے گئے ہیں، دریں اثناء ڈسٹرکٹ آفیسر اٹک عقیل عالم خٹک نے حضرو میں سینئر صحافی نثار علی خان اور خالد محمود کو بتایا کہ عالمی شہری دفاع کے موقع پر سول ڈیفنس اٹک ہفتہ شہری دفاع منائے گا۔