یمن میں القاعدہ نے سعودی سفارت کار کو رہا کر دیا

منگل 3 مارچ 2015 12:19

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) یمن میں حکام کے مطابق شدت پسند تنظیم القاعدہ نے تین سال سے مغوی سعودی عرب کے ایک سفارت کار کو رہا کر دیا میڈیا رپورٹ کے مطابق عبداللہ الخالدی یمن کے ساحلی شہر عدن میں سعودی عرب کے ڈپٹی قونصل تھے اور انھیں مارچ 2012 میں اغوا کیا گیا تھا۔جزیزہ نما یمن میں سرگرام القاعدہ نے مغوی سفارت کار کی متعدد ویڈیو جاری کرتے ہوئے سعودی حکام سے ان کی رہائی کیلئے زیادہ اقدامات کرنے پر زور دیتے تھے جن کے تحت سعودی عرب میں قید تنظیم کے تمام کارکنوں کی رہائی اور تاوان شامل تھا۔

اگست 2012 میں سعودی سفارت کار کی رہائی کیلئے بات چیت میں شامل ایک شخص کے مطابق القاعدہ نے پہلے سعودی عرب سے ایک کروڑ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا تاہم بعد میں اسے بڑھا کر دو کروڑ ڈالر کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے وزارتِ داخلہ کا ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ عبداللہ الخالدی واپس ریاض پہنچ گئے ہیں۔بیان میں رہائی کے بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی تاہم ان کی رہائی کیلئے سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے بے حد کوششیں کیں۔

دسمبر میں القاعدہ کے شدت پسندوں نے دو مغربی مغویوں کو ہلاک کر دیا تھا جس میں ایک امریکی صحافی اور جنوبی افریقہ کے ٹیچر شامل تھے۔امریکہ نے اس سے پہلے اپنے شہری کی بازیابی کیلئے جنوب مشرقی یمن میں کمانڈو ایکشن کیا تھا تاہم یہ کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔

متعلقہ عنوان :