وکٹ کیپرسرفرازاحمد کی اگلے میچ میں شرکت یقینی

منگل 3 مارچ 2015 11:40

وکٹ کیپرسرفرازاحمد کی اگلے میچ میں شرکت یقینی

نیپیئر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ نازک صورتحال، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی زبوں حالی کے سبب متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی فائنل الیون میں شمولیت یقینی ہو گئی ۔ورلڈ کپ میں بھارت، ویسٹ انڈیز اور پھر زمبابوے کے خلاف بھی سرفراز احمد کو وکٹ کیپنگ کا موقع نہیں دیا گیا اور تینوں ہی میچوں میں پارٹ ٹائم وکٹ کیپر عمر اکمل نے کیچ گرائے جس کا پاکستان کو بھاری خمیازہ بھگتنا پڑا۔

خصوصاً بھارت کے خلاف میچ میں عمر اکمل نے ویرات کوہلی کا کیچ گرایا جس کے بعد انہوں نے سنچری اسکور کی۔اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی عمر اکمل کو کھلانے اور انہوں نے کیچ گرانے کی روایت برقرار رکھی جبکہ زمبابوے کے خلاف سلسلہ برقرار رکھا جس پر تمام ہی حلقوں نے سرفراز کو نہ کھلانے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

ناصر جمشید کو کس بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا یہ تو ایک الگ بحث ہے لیکن اب ان کی مسلسل ’شاندار‘ کارکردگی کے باعث مصباح الحق بالآخر سرفراز کو آئندہ میچ میں کھلانے پر رضامند ہو گئے ہیں۔

گزشتہ روز زمبابوے کے خلاف میچ کے بعد مصباح الحق عندیہ دے چکے ہیں متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں سرفراز احمد کو کھلایا جا سکتا ہے۔یہ بات اس لیے بھی یقینی دکھائی دیتی ہے کیونکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان بھی کہہ چکے ہیں کہ ریگولر وکٹ کیپر کو آئندہ میچز میں آزمانا چاہیے۔