کراچی، کالعدم جماعتوں کے دہشت گرد شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں، حیدرعباس رضوی،

حکمرانوں نے آنکھیں بند کررکھی ہیں،ہمارے کارکنوں ،ہمدردوں کو چن چن کرقتل کیا جارہا ہے،رکن رابطہ کمیٹی ، ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کے گھروں پر روزانہ کی بنیادوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں،پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 2 مارچ 2015 21:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم )کی رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے کہاہے کہ کالعدم مذہبی جماعتوں کے دہشت گرد کراچی میں دندناتے پھر رہے ہیں۔ حکمرانوں نے اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں۔ہمارے کارکنوں اور ہمدردوں کو چن چن کرقتل کیا جارہا ہے ۔شہر میں قتل و غارتگری کے لئے دہشتگردوں کو لائسنس دے دیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کے گھروں پر روزانہ کی بنیادوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔وہ پیرکو ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروخورشید بیگم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کررہے تھے ۔حیدر عباس رضوی نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں جو ان کا گڑھ بن چکا ہے لیکن حکومت کی جانب سے مسلسل لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جب کہ فرقہ واریت کی بنیاد پر کارکنوں کو روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹ کرنا معمول بن چکا ہے اور گزشتہ روزبھی ملیر کے علاقے شادمان ٹاؤن میں ہمارے کارکن عمران عباس کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا لیکن ملزمان اب تک گرفتار نہیں کئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رٹ کو چیلنج کیا جارہا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کو قتل کا لائسنس دے دیا گیا ہے۔حیدر عباس رضوی نے کہا کہ وزیر اعظم سے بھی تحفظات کا اظہار کیا لیکن کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ کراچی کی صورتحال پر ملک کے دیگر سیاسی و مذہبی جماعتیں خاموش ہیں۔ حیدرعباس رضوی نے کہاکہ ہمارے ہزاروں کارکنوں اور 4 منتخب نمائندوں کو کالعدم تنظیموں نے قتل کیا لیکن حکمرانوں کو یہ سب دکھائی نہیں دیتا اور چھاپے مارنے کے لئے صرف ایم کیو ایم کے ذمہ دار اور کارکنوں کے گھر ہی باقی رہ گئے ہیں۔