ہماری حکومت میں عوامی فنڈز کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح پر خرچ ہوگی،امجدعلی خان

پیر 2 مارچ 2015 20:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی بہتر کارکردگی اور پی ٹی آئی کی عوام دوست مثبت پالیسیوں کے باعث آج دوسری جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی عہدیداران اور کارکنان اپنی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بریکوٹ سوات میں شمولیتی تقاریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر دوسروں کے علاوہ پی ٹی آئی ضلع سوات کے جنرل سیکرٹری سعید خان، یو نین کونسلوں کالا کلے اور دیولئی کے صدور علی شاہ اور رسول خان ،میڈیا ایڈوائزر سید باچا حسن اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔جبکہ تقاریب میں محمد جمال ، ، رحمان ولی گل محمد ، محمد کریم ، قریب اللہ ، رحیم محمد ، حبیب اللہ اور سید الرحمان سمیت سیکڑوں سیاسی ورکروں نے اپنی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امجد علی نے نئے شامل ہونے والے ورکروں کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ نہ صرف علاقے کے عوام کے مسائل کے حل میں پی ٹی آئی کی مدد کریں گے بلکہ پارٹی کو بھی مظبوط اور فعال بنائیں گے۔انہوں نے اس موقع پر علاقے میں مڈل سکول کے قیام اور علاقہ نمکئی کے لئے سڑک کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ 67سالوں کی پسماندگی اور محرومی ایک رات میں ختم نہیں ہو سکتی ۔

تاہم صوبائی حکومت نے وی آئی پی کلچر کے خاتمے، بدعنوانی اور رشوت ستانی و اقرابا پروری کا عملی طور پر قلعہ قمع کیا ہے۔ اب عوامی فنڈز کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح پر خرچ ہوگی۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ علاقے میں بلا تفریق تمام علاقوں کو برابری کی بنیاد پر ترقی دی جائے گی ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں ایسے لوگوں کو منتخب کریں جنہیں عوامی مسائل کا ادراک ہو اور ان کے حل میں دلچسپی رکھتے ہوں۔